پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی نے کراچی کو یورپ کے خوبصورت شہر پیرس سے تشبیہ دے کر سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
یہ بیان ایک نجی ٹی وی پروگرام کے دوران سامنے آیا، جہاں میزبان نے شرمیلا فاروقی سے ہلکے پھلکے سوالات کیے۔ اسی دوران ایک سیگمنٹ میں ان سے پوچھا گیا کہ کراچی میں رہنا ایسا ہے تو انہوں نے مسکراتے ہوئے جواب دیاکراچی میں رہنا ایسا ہے جیسے پیرس میں رہنا۔
ان کے اس جواب پر پروگرام میں موجود سابق کرکٹرز، میزبان اور دیگر شرکاء نے تالیاں بجا کر ماحول کو خوشگوار بنا دیا۔
تاہم یہ بیان نشر ہوتے ہی سوشل میڈیا پر مختلف ردعمل سامنے آنے لگے۔ بعض صارفین نے اس پر طنزیہ تبصرے کرتے ہوئے کہا کہ اگر تشبیہ دینی ہی تھی تو کراچی کو کسی بہتر انداز میں پیش کیا جانا چاہیے تھا، جبکہ کچھ نے مزاحیہ انداز اختیار کرتے ہوئے کہا کہ بارش کے موسم میں کراچی وینس جیسا منظر پیش کرتا ہے۔
یاد رہے کہ کراچی پاکستان کا سب سے بڑا شہر اور معاشی حب ہے، جہاں مختلف شہری مسائل کے باوجود لاکھوں افراد روزگار اور زندگی کی سرگرمیوں سے جڑے ہوئے ہیں۔
ماہرین کے مطابق اس طرح کے بیانات اکثر سیاسی اور سماجی حلقوں میں بحث کو جنم دیتے ہیں اور شہری مسائل کی جانب توجہ بھی دلاتے ہیں۔
