نادرا نے بچوں کے ب فارم کے اجرا کے لیے نئے اور آسان ضوابط متعارف کرا دیے ہیں، جن کے تحت والدین اب گھر بیٹھے بھی پاک آئی ڈی ایپلیکیشن کے ذریعے ب فارم بنوا سکیں گے۔
نئے قواعد کے مطابق پیدائش سے لے کر تین سال کی عمر تک کے بچوں کے لیے ب فارم کے اجرا میں تصویر کی ضرورت نہیں ہوگی۔ تاہم جیسے ہی بچے کی عمر تین سال سے بڑھ جائے گی، ب فارم کے لیے تصویر لازمی قرار دی گئی ہے۔
نادرا کے مطابق 10 سے 18 سال کی عمر تک پہنچنے سے قبل ب فارم کے لیے تصویر کے ساتھ ساتھ فنگر پرنٹس اور آئرس اسکین بھی لازمی ہوگا، جس کی تصدیق نادرا کے بائیومیٹرک نظام کے ذریعے کی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات شناختی نظام کو مزید محفوظ اور جدید بنانے کے لیے کیے گئے ہیں، جبکہ والدین کی سہولت کے لیے آن لائن سروسز کو بھی مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ تعلیمی اداروں میں داخلوں اور امتحانات کے لیے ب فارم ایک لازمی دستاویز کے طور پر طلب کیا جاتا ہے، جس کے لیے والدین کو پہلے نادرا دفاتر کے چکر لگانے پڑتے تھے، تاہم اب پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے یہ عمل گھر بیٹھے ممکن ہو گیا ہے
