کراچی/خلیج فارس: خطے میں بڑھتی کشیدگی اور امریکی ناکہ بندی کے باوجود پاکستان کی بحری سرگرمیاں جاری ہیں، اور ایک اور پاکستانی جہاز کویت سے روانہ ہو کر آبنائے ہرمز کی جانب گامزن ہے۔
شپنگ ذرائع کے مطابق “خیرپور” نامی جہاز کل آبنائے ہرمز سے گزرے گا، جبکہ “شالامار” نامی جہاز اس وقت خلیج اومان سے گزر رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں جہاز اتوار کے روز آبنائے ہرمز میں داخل ہوئے تھے۔
دوسری جانب یہ بھی بتایا گیا ہے کہ امریکی ناکہ بندی کے باوجود پاکستان کا ایک آئل ٹینکر کامیابی کے ساتھ آبنائے ہرمز عبور کر چکا ہے، جو خطے میں جاری کشیدگی کے دوران ایک اہم پیشرفت سمجھی جا رہی ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے بلوم برگ کے مطابق امریکی ناکہ بندی کے بعد یہ پہلا جہاز ہے جو خام مال کے ساتھ آبنائے ہرمز سے باہر نکلا ہے۔ پاکستانی پرچم بردار یہ ٹینکر گزشتہ ہفتے کے آخر میں خلیج فارس میں داخل ہوا تھا۔
شپنگ ذرائع کے مطابق مذکورہ پاکستانی جہاز اس وقت آبنائے ہرمز سے واپسی کے سفر پر ہے اور کراچی پورٹ کی جانب بڑھ رہا ہے۔ جہاز میں تقریباً 8 کروڑ لیٹر خام تیل موجود ہے، جو آئندہ دو دن میں کراچی پہنچنے کی توقع ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق خطے میں جاری کشیدگی اور آبنائے ہرمز کی حساس صورتحال کے باوجود پاکستان کی جانب سے تیل کی ترسیل جاری رکھنا توانائی سپلائی کے تسلسل کے لیے ایک اہم پیشرفت ہے، جو ملکی معیشت کے لیے بھی نہایت اہمیت رکھتی ہے
