اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان نے عالمی مالیاتی فنڈ کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدہ مکمل کر لیا ہے اور جلد اس کی ایگزیکٹو بورڈ سے منظوری متوقع ہے، جس کے بعد پروگرام کی اگلی قسط جاری ہو جائے گی۔
یہ بات انہوں نے ایس اینڈ پی گلوبل ریٹنگز کے نمائندگان سے ملاقات کے دوران کہی، جس میں پاکستان کی معاشی بہتری اور عالمی مالیاتی منڈیوں میں واپسی کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خزانہ نے بتایا کہ پاکستان نے نہ صرف آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ مکمل کیا بلکہ اس ماہ 1.4 ارب ڈالر کا یورو بانڈ بھی کامیابی سے ادا کیا، جو عالمی مالیاتی ذمہ داریوں کی بروقت تکمیل کا مظہر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے 3 ارب ڈالر کی اضافی مالی معاونت اور 5 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں 2028 تک توسیع پاکستان کی بیرونی مالی پوزیشن کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پاکستان کی درمیانی مدت کی مالی حکمت عملی اور جاری معاشی اصلاحات کے باعث اقتصادی اشاریے بہتر ہو رہے ہیں، جو مستقبل میں ملک کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کریں گے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت مالیاتی نظم و ضبط، اصلاحات اور عالمی اداروں کے ساتھ تعاون کے ذریعے معاشی استحکام اور پائیدار ترقی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
