اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی نجکاری کے عمل میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں عارف حبیب کنسورشیم نے قومی ایئرلائن کا مکمل کنٹرول حاصل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
کنسورشیم نے ادارے کے بقیہ 25 فیصد شیئرز خریدنے کے لیے نجکاری کمیشن پاکستان کو لیٹر آف کریڈٹ اور بینک گارنٹی جمع کرا دی ہے، جس کے بعد ٹیک اوور کا عمل آخری مراحل میں داخل ہو گیا ہے۔
میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے معروف کاروباری شخصیت عارف حبیب نے بتایا کہ اسٹینڈ بائی لیٹر آف کریڈٹ اور بینک گارنٹی جمع کروا دی گئی ہے اور کنسورشیم پی آئی اے کا کنٹرول سنبھالنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ 28 اپریل آخری تاریخ تھی، جس کے اندر باقی شیئرز کی باضابطہ پیشکش بھی جمع کرا دی گئی ہے، جبکہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو سے طیاروں کے لیے این او سی حاصل کرنے کی ڈیڈ لائن بھی آج ہی تھی۔
عارف حبیب نے مزید کہا کہ نجکاری کمیشن کو واضح طور پر کہا گیا ہے کہ وہ ایف بی آر سے این او سی کے حصول سمیت اپنے وعدوں کو بھی جلد پورا کرے تاکہ ٹیک اوور کا عمل بغیر کسی رکاوٹ کے مکمل کیا جا سکے۔
ماہرین کے مطابق پی آئی اے کی نجکاری پاکستان کی معیشت کے لیے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہو سکتی ہے، تاہم اس عمل کی کامیابی کا انحصار شفافیت، مؤثر انتظام اور ادارے کی بحالی کی حکمت عملی پر ہوگا
