مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اہم اجلاس آج ذی الحج 1447 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے منعقد ہوگا، جس میں ملک بھر سے موصول ہونے والی شہادتوں اور محکمہ موسمیات کی رپورٹس کا جائزہ لیا جائے گا۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق رویت ہلال کمیٹی کا مرکزی اجلاس محکمہ موسمیات کراچی میں ہوگا، جبکہ زونل کمیٹیوں کے اجلاس بھی مختلف شہروں میں منعقد کیے جائیں گے۔
اعلامیے کے مطابق اگر آج ذی الحج کا چاند نظر آگیا تو عیدالاضحیٰ بدھ 27 مئی کو منائی جائے گی، جبکہ چاند نظر نہ آنے کی صورت میں عیدالاضحیٰ جمعرات 28 مئی کو ہوگی۔
دوسری جانب سعودی سپریم کورٹ نے بھی عوام سے آج 30 ذی القعدہ کی شام ذی الحج کا چاند دیکھنے کی اپیل کی ہے۔ سعودی سپریم کورٹ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جس شخص کو چاند نظر آئے وہ فوری طور پر قریبی عدالت یا متعلقہ حکام کو اپنی گواہی ریکارڈ کروائے۔
ماہرین فلکیات کے مطابق مختلف علاقوں میں موسم کی صورتحال چاند دیکھنے کے امکانات پر اثرانداز ہوسکتی ہے، تاہم حتمی اعلان رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے موصول ہونے والی شرعی شہادتوں کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
ملک بھر میں عیدالاضحیٰ کی آمد کے پیش نظر مویشی منڈیوں، سفری سرگرمیوں اور بازاروں میں بھی گہما گہمی میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
