واشنگٹن/کاراکس:دنیا ایک بار پھر جنگ کے دہانے پر کھڑی دکھائی دے رہی ہے، جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹرتھ سوشل پر ایک تہلکہ خیز بیان میں وینزویلا پر بڑے پیمانے پر فوجی حملے کی تصدیق کر دی۔
ٹرمپ کے مطابق امریکا نے نہ صرف وینزویلا میں فیصلہ کن کارروائی کی بلکہ صدر وینزویلا اور ان کی اہلیہ کو گرفتار کر کے ملک سے باہر منتقل بھی کر دیا گیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق دارالحکومت کاراکس میں کم از کم سات زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جبکہ حملے میرانڈا، آراگوا اور لاگویرا تک پھیل گئے۔ وینزویلا حکومت نے جوابی ردعمل میں ملک بھر میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے ان حملوں کو اپنے تیل اور معدنی وسائل پر قبضے کی کوشش قرار دیا ہے۔
دوسری جانب روسی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی حملوں میں وینزویلا کے دفاعی ہیڈکوارٹرز کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ کولمبیا کے صدر نے کاراکس پر میزائل حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔
امریکی صدر آج رات پاکستانی وقت کے مطابق 9 بجے پریس کانفرنس کریں گے، جس پر دنیا کی نظریں جمی ہوئی ہیں کہ آیا یہ کارروائی ایک نئی عالمی کشیدگی کا آغاز ثابت ہوگی یا نہیں۔
