امریکی ریاست میساچوسٹس کے شہر کیمبرج میں تاریخ ساز لمحہ اس وقت دیکھنے میں آیا جب پہلی بار شہر کے دو اعلیٰ ترین بلدیاتی عہدوں میئر اور ڈپٹی میئرپر پاکستانی نژاد نوجوانوں کو منتخب کر لیا گیا۔ یہ کامیابی نہ صرف پاکستانی کمیونٹی بلکہ تارکینِ وطن کے لیے بھی باعثِ فخر قرار دی جا رہی ہے۔
5 جنوری کو ہونے والے انتخاب کے نتیجے میں کراچی سے تعلق رکھنے والی سنبل صدیقی کو سال 2025-2026 کے لیے تیسری بار کیمبرج سٹی کی میئر منتخب کر لیا گیا، جبکہ پنجاب کے شہر بورے والا سے تعلق رکھنے والے برہان عظیم کیمبرج سٹی کے کم عمر ترین ڈپٹی میئر بن گئے۔
سنبل صدیقی پیشے کے اعتبار سے وکیل ہیں اور امریکا میں سیاسی و سماجی میدان میں سرگرم کردار ادا کر رہی ہیں۔ وہ پہلی بار 2017 میں کیمبرج سٹی کونسل کے لیے منتخب ہوئی تھیں، جس کے بعد سال 2020 سے 2024 کے دوران دو مرتبہ میئر کے عہدے پر خدمات انجام دے چکی ہیں۔ اب وہ مسلسل تیسری بار اس منصب پر فائز ہو کر ایک نئی تاریخ رقم کر رہی ہیں۔
ریاست میساچوسٹس کی تاریخ میں سنبل صدیقی کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ وہ کیمبرج کی پہلی مسلمان میئر، پہلی ایشیائی خاتون اور مسلسل تین بار منتخب ہونے والی پہلی میئر ہیں، جو امریکی سیاست میں تنوع اور شمولیت کی ایک روشن مثال ہے۔
دوسری جانب، برہان عظیم معروف ماہرِ تعلیم پروفیسر منیر چوہدری کے صاحبزادے ہیں اور ایم آئی ٹی یونیورسٹی بوسٹن سے انجینیئرنگ کی ڈگری حاصل کر چکے ہیں۔ وہ اس سے قبل بھی کیمبرج سٹی کی تاریخ کے کم عمر ترین کونسلر منتخب ہو چکے ہیں، جبکہ اب دوسری بار کونسلر منتخب ہو کر کم عمر ترین ڈپٹی میئر بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق یہ کامیابی نہ صرف پاکستانی نژاد امریکیوں کی بڑھتی ہوئی سیاسی شمولیت کا مظہر ہے بلکہ نوجوان قیادت پر عوام کے اعتماد کی بھی واضح علامت ہے۔
