امریکی فوج کا مشہور فوجی کتا "ڈوگلز” آٹھ برس کی شاندار خدمات کے بعد ریٹائر ہوگیا۔ امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ڈوگلز نے اپنے ہینڈلر سارجنٹ جسٹن پیٹن کے ساتھ مختلف اہم مشنز میں حصہ لیا اور فوجی کارروائیوں میں نمایاں کردار ادا کیا۔
بیان کے مطابق ڈوگلز نے اقوام متحدہ کے سیکیورٹی فرائض سے لے کر عراق میں خطرناک آپریشنز تک کئی اہم ذمہ داریاں انجام دیں۔ دورانِ ملازمت وہ دھماکا خیز مواد کی نشاندہی اور تلاش جیسے نہایت حساس کام سرانجام دیتا رہا، جس سے بے شمار جانیں بچانے میں مدد ملی۔
امریکی محکمہ جنگ نے بتایا کہ ریٹائرمنٹ کے بعد ڈوگلز اب اپنے ہینڈلر سارجنٹ جسٹن پیٹن اور ان کے خاندان کے ساتھ پرسکون زندگی گزارے گا۔ فوجی حلقوں میں اسے ایک وفادار، بہادر اور انتہائی تربیت یافتہ ساتھی کے طور پر یاد کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ چند برس قبل ڈوگلز کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں وہ ایک مہنگا حفاظتی چشمہ پہنے نظر آیا تھا۔ اس تصویر نے دنیا بھر میں توجہ حاصل کی اور ڈوگلز کو انٹرنیٹ پر ایک منفرد شہرت بھی ملی۔
ڈوگلز کی ریٹائرمنٹ پر امریکی فوجی اہلکاروں نے اس کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ صرف ایک فوجی کتا نہیں بلکہ ایک سچا سپاہی تھا
