کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا کے علاقے ٹمبلر رج (Tumbler Ridge) میں واقع ایک ہائی اسکول میں فائرنگ کے ہولناک واقعے میں مبینہ خاتون حملہ آور سمیت کم از کم 10 افراد ہلاک جبکہ 27 زخمی ہو گئے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ اسکول کے اندر پیش آیا جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فوری طور پر جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا۔
پولیس حکام کے مطابق اسکول کی عمارت سے 6 افراد کی لاشیں برآمد کی گئیں، جبکہ ایک شدید زخمی شخص اسپتال منتقل کرتے ہوئے راستے میں دم توڑ گیا۔ مزید 2 افراد ایک قریبی گھر سے مردہ حالت میں ملے جن کے بارے میں ابتدائی طور پر شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ان کا تعلق بھی اسی فائرنگ کے واقعے سے ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں شدید زخمی ہونے والے 2 افراد کو فوری طور پر ائیرلفٹ کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا جن کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جبکہ دیگر 27 زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی گئی۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق مشتبہ حملہ آور ممکنہ طور پر خاتون تھی، جس نے فائرنگ کے بعد مبینہ طور پر خودکشی کر لی۔ پولیس نے واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی ہیں اور اس کے محرکات جاننے کے لیے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ اسکول اور اطراف کے علاقے میں سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے جبکہ متاثرہ خاندانوں کو نفسیاتی اور ہنگامی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
