چین نے ایران میں جاری فوجی آپریشن فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے خطے میں بڑھتی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ بیجنگ کا واضح مؤقف ہے کہ ایران کے خلاف جاری عسکری کارروائیاں فوری طور پر روکی جائیں اور تنازع کو مزید پھیلنے سے بچایا جائے۔بیان کے مطابق چین اس معاملے میں تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا، جس میں اقوام متحدہ برائے سکیورٹی کونسل میں انصاف کی بالادستی، امن کے لیے کوششیں اور جنگ بندی کی حمایت شامل ہے۔
ترجمان نے کہا کہ چین کو اس بات پر شدید تشویش ہے کہ موجودہ کشیدگی پڑوسی ممالک تک پھیل سکتی ہے، جس سے پورا خطہ عدم استحکام کے شکار ہو سکتا ہے۔چینی حکام نے واضح کیا کہ طاقت کا اندھا دھند استعمال کسی صورت قابل قبول نہیں ہے اور تمام فریقین کو چاہیے کہ وہ ملٹری آپریشنز فوری طور پر روک کر سفارتی راستہ اختیار کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ جنگ کا دائرہ وسیع ہونے سے عالمی امن اور معیشت دونوں متاثر ہوں گے،بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ چین ایران کے جوہری توانائی کے پرامن استعمال کے جائز حق کو تسلیم کرتا ہے
چینی وزارت خارجہ کے مطابق ایرانی جوہری مسئلہ بالآخر سیاسی اور سفارتی حل کی طرف لوٹے گا، اور اسی راستے میں دیرپا امن مضمر ہے۔
بیجنگ نے ایک بار پھر فریقین پر زور دیا کہ وہ مذاکرات، تحمل اور سفارت کاری کے ذریعے بحران کا حل تلاش کریں۔ چین کا کہنا ہے کہ خطے میں استحکام عالمی مفاد میں ہے اور جنگ بندی ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے۔
