روم: اٹلی کی وزیرِ اعظم جارجیا میلونی نے کہا ہے کہ ایران کو جوہری ہتھیار اور طویل فاصلے تک مار کرنے والی میزائل صلاحیت حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، کیونکہ اس سے نہ صرف خطے بلکہ یورپ کے لیے بھی خطرہ پیدا ہو سکتا ہے۔
اطالوی سینیٹ میں اپنے خطاب میں جارجیا میلونی نے خبردار کیا کہ اگر ایران کو ایسی صلاحیت حاصل ہو گئی تو اس کے میزائل براہِ راست اٹلی اور دیگر یورپی ممالک کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یورپ کو ایران کے خطرات سے نمٹنے کے لیے قومی اور بین الاقوامی سطح پر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے ایران کے جنوبی علاقے میں ایک گرلز اسکول پر حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں تاکہ ذمے داروں کا تعین کیا جا سکے اور مستقبل میں ایسے حملوں کی روک تھام ممکن ہو۔
واضح رہے کہ اس حملے میں کم از کم 170 افراد شہید ہوئے، جن میں بڑی تعداد میں بچیاں شامل تھیں، جس پر بین الاقوامی سطح پر شدید ردعمل سامنے آیا۔ امریکی سینیٹرز نے بھی شفاف تحقیقات کے لیے زور دیا ہے تاکہ واقعے کی ذمہ داری کا تعین ہو سکے اور انصاف فراہم کیا جا سکے۔
جارجیا میلونی نے مزید کہا کہ خلیجی ممالک کو فضائی دفاعی نظام فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ خطے میں سلامتی اور استحکام قائم رکھا جا سکے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ایران کی جوہری اور میزائل صلاحیت کے حوالے سے بین الاقوامی تشویش میں اضافہ ہو رہا ہے، اور یورپ کے لیے یہ ایک اہم مسئلہ بن چکا ہے جس کے اثرات بین الاقوامی تعلقات اور خطے کی سلامتی پر نمایاں ہو سکتے ہیں۔
