اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوتیرس نے ایران سے جاری کشیدگی اور جنگ کے حوالے سے اہم بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ اس تنازع کو فوری طور پر روکا جائے اور خطے میں امن کی بحالی کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے امریکا اور اسرائیل سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ جنگ کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کریں اور کشیدگی کو مزید بڑھنے سے روکیں۔ انٹونیو گوتیرس نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں جاری صورتحال نہ صرف علاقائی بلکہ عالمی امن کے لیے بھی سنگین خطرہ بن سکتی ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے ایران سے بھی اپیل کی کہ وہ پڑوسی ممالک پر حملے روک دے اور آبنائے ہرمز کی بندش فوری طور پر ختم کی جائے، کیونکہ یہ عالمی توانائی کی ترسیل کے لیے نہایت اہم راستہ ہے اور اس کی بندش عالمی معیشت پر منفی اثرات ڈال سکتی ہے۔
دوسری جانب یورپی یونین نے بھی ایران جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششوں کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ یورپی یونین کے مطابق خطے میں امن قائم کرنے کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی واحد مؤثر راستہ ہے، اور فی الحال اس جنگ کے باعث یورپ کی جانب نقل مکانی میں کسی بڑے اضافے کا مشاہدہ نہیں کیا گیا۔
ماہرین کے مطابق اقوام متحدہ اور یورپی یونین کی یہ سفارتی کوششیں اس بات کی عکاسی کرتی ہیں کہ عالمی برادری خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے اور کسی بڑے انسانی و معاشی بحران سے بچنے کے لیے متحرک ہو چکی ہے۔
