بحرین کی جانب سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پیش کی گئی اہم قرارداد، جس کا مقصد آبنائے ہرمز کو محفوظ بنانا تھا، روس اور چین نے ویٹو کر دی۔
عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق قرارداد پر ہونے والی رائے شماری میں 11 ممالک نے اس کے حق میں ووٹ دیا، تاہم پاکستان اور کولمبیا نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔
اس قرارداد میں آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کے تحفظ اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے دفاعی اور مربوط اقدامات کی حوصلہ افزائی کی گئی تھی۔ ابتدائی طور پر یہ قرارداد چیپٹر سیون کے تحت پیش کی گئی تھی، جس میں فوجی طاقت کے استعمال کی گنجائش موجود تھی، تاہم بعد میں اسے نرم کرتے ہوئے “تمام ضروری دفاعی ذرائع” استعمال کرنے تک محدود کر دیا گیا۔
ووٹنگ سے قبل خطاب کرتے ہوئے بحرین کے وزیر خارجہ عبداللطیف بن راشد الزیانی نے کہا کہ اس قرارداد کا مقصد کوئی نئی صورتحال پیدا کرنا نہیں بلکہ ایران کے مبینہ جارحانہ اقدامات کے تسلسل کے جواب میں ایک سنجیدہ اور ذمہ دارانہ قدم اٹھانا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق روس اور چین کی جانب سے ویٹو کیے جانے سے واضح ہو گیا ہے کہ عالمی طاقتیں خلیجی بحران پر متفق نہیں، جس کے باعث نہ صرف سفارتی کوششیں متاثر ہو رہی ہیں بلکہ خطے میں کشیدگی کے خاتمے کی راہ بھی مزید پیچیدہ ہوتی جا رہی ہے

یہ بھی پڑھیں
Add A Comment