اسلام آباد ایک بار پھر عالمی سفارتکاری کا مرکز بن گیا ہے، جہاں امریکا اور ایران کے درمیان اہم مذاکرات کا آغاز آج سے ہو رہا ہے، جو آج اور کل جاری رہیں گے۔
ذرائع کے مطابق امریکی وفد کی آمد سے قبل ایک خصوصی طیارہ C-15 جمعرات کو اسلام آباد پہنچا، جس میں وفد کی نقل و حرکت کیلئے خصوصی گاڑیاں بھی لائی گئی ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ گاڑیاں سیکیورٹی اور سفارتی پروٹوکول کے تحت امریکی وفد کے استعمال میں رہیں گی۔
امریکی وفد کی قیادت جے ڈی وینس کریں گے، جبکہ دیگر اہم شخصیات میں اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر بھی شامل ہیں، جن کی شرکت ان مذاکرات کو مزید اہم بنا رہی ہے۔
دوسری جانب ایرانی وفد کی نمائندگی عباس عراقچی اور محمد باقر قالیباف کریں گے، جو دونوں ممالک کے درمیان اہم امور پر بات چیت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق ابتدائی سطح کے مذاکرات آج ہوں گے، جبکہ اہم اور فیصلہ کن مرحلہ ہفتے کے روز متوقع ہے، جہاں اعلیٰ قیادت کے درمیان براہ راست گفتگو ہوگی۔
تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے یہ مذاکرات نہ صرف خطے میں کشیدگی کم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں بلکہ پاکستان کو عالمی سطح پر ایک اہم سفارتی کردار کے طور پر بھی اجاگر کریں گے۔
