ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ اسلام آباد میں مذاکرات جاری ہیں، تاہم ان کے نتائج کے حوالے سے ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ممکن ہے ایران کے ساتھ کوئی معاہدہ طے پا جائے، لیکن یہ بھی ممکن ہے کہ بات چیت کسی نتیجے پر نہ پہنچے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مذاکرات کامیاب ہوں یا ناکام، اس سے انہیں کوئی خاص فرق نہیں پڑتا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکا ایران کے خلاف جاری جنگ میں مکمل برتری حاصل کر چکا ہے اور یہ جنگ جیت لی گئی ہے۔
انہوں نے آبنائے ہرمز کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہاں بارودی سرنگوں کی موجودگی کا خدشہ ہے، تاہم امریکی افواج کے پاس ایسی جدید مشینری موجود ہے جو ان سرنگوں کو صاف کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، اور اس پر کام جاری ہے۔
امریکی صدر نے چین کو بھی خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر بیجنگ نے ایران کو ہتھیار فراہم کیے تو اسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق امریکی صدر کے بیانات ایک جانب اعتماد کا اظہار کرتے ہیں، تو دوسری جانب خطے میں جاری غیر یقینی صورتحال اور بڑی طاقتوں کے درمیان بڑھتی کشیدگی کی بھی عکاسی کرتے ہیں۔
