امریکی صدرڈونلڈٹرمپ نے دعویٰ کیاہے کہ ایران کے ساتھ معاہدہ طے پانے کے امکانات روشن ہو گئے ہیں اور دونوں ممالک تقریباً ہر اہم نکتے پر اتفاق کے قریب پہنچ چکے ہیں، جس سے خطے میں بڑی سفارتی پیش رفت کی توقع کی جا رہی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے پاکستان کے کردار کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر ایران کے ساتھ معاہدے پر دستخط اسلام آباد میں ہوئے تو وہ خود پاکستان کا دورہ کر سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قیادت، خصوصاً وزیراعظم اور فیلڈ مارشل، نے اس معاملے میں انتہائی مؤثر اور مثالی کردار ادا کیا ہے۔
ٹرمپ کے اس بیان سے واضح ہوتا ہے کہ پاکستان خطے میں ایک اہم ثالث کے طور پر ابھر رہا ہے، جو نہ صرف کشیدگی کم کرنے بلکہ عالمی سطح پر مذاکرات کو آگے بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔
دوسری جانب ایرانی سفیر نے واضح مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران معاہدے کے لیے تیار ہے، تاہم وہ کسی بھی اضافی یا غیر متوازن شرائط کو قبول نہیں کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ معاہدہ برابری اور باہمی احترام کی بنیاد پر ہی ممکن ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اگر یہ معاہدہ طے پا جاتا ہے تو نہ صرف مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی میں کمی آئے گی بلکہ عالمی معیشت، خصوصاً تیل کی منڈیوں پر بھی اس کے مثبت اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، جبکہ پاکستان کی سفارتی حیثیت مزید مضبوط ہو گی

Add A Comment