پیرس: فرانس نے اعلان کیا ہے کہ یورپی ممالک کے پاس آبنائے ہرمز کو بارودی سرنگوں سے پاک کرنے اور جہاز رانی کو محفوظ بنانے کی مکمل صلاحیت موجود ہے، جس کے بعد خطے میں بڑھتی کشیدگی کے دوران عالمی سطح پر نئی سفارتی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔
فرانسیسی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے فرانس کے وزیر دفاع نے کہا کہ یورپی ممالک، جن میں بیلجیئم، نیدرلینڈز اور فرانس شامل ہیں، ہرمز میں موجود بارودی مواد کو صاف کرنے اور جہازوں کی محفوظ نقل و حرکت کو یقینی بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یورپی ممالک کے پاس نہ صرف بارودی سرنگوں کو ہٹانے بلکہ تجارتی جہازوں کو سکیورٹی فراہم کرنے کی بھی مکمل استعداد موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز سے جہازوں کی محفوظ گزرگاہ کو یقینی بنانا ایک عالمی ذمہ داری ہے، اور اس سلسلے میں آج پیرس میں اہم مشاورت کی جائے گی۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق فرانس اور برطانیہ کی مشترکہ صدارت میں تقریباً 40 ممالک کا اہم اجلاس آج پیرس میں منعقد ہو رہا ہے، جس کا مقصد امریکا کو یہ پیغام دینا ہے کہ اس کے اتحادی آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کی آزادی بحال کرنے کے لیے عملی کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔
واضح رہے کہ آبنائے ہرمز دنیا کی سب سے اہم سمندری گزرگاہوں میں سے ایک ہے، جہاں سے عالمی سطح پر تقریباً 20 فیصد تیل اور مائع قدرتی گیس (LNG) کی ترسیل ہوتی ہے۔ اس لیے یہاں کسی بھی قسم کی رکاوٹ یا کشیدگی عالمی معیشت اور توانائی مارکیٹ پر براہ راست اثر ڈال سکتی ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یورپی ممالک کی یہ پیشکش نہ صرف خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے کی کوشش ہے بلکہ عالمی تجارت اور توانائی سپلائی کے تسلسل کو برقرار رکھنے کی ایک اہم سفارتی حکمت عملی بھی ہے
