امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ معاہدہ جلد طے پا سکتا ہے، تاہم وہ کسی جلد بازی میں ایسا سمجھوتہ نہیں کریں گے جو نقصان دہ ہو۔
انہوں نے اعلان کیا کہ ایران کے ساتھ معاہدہ ہونے تک بحری ناکہ بندی برقرار رکھی جائے گی تاکہ دباؤ برقرار رہے اور مطلوبہ نتائج حاصل کیے جا سکیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ایک اعلیٰ سطحی امریکی وفد آج اسلام آباد روانہ ہو رہا ہے جہاں اہم سفارتی رابطے متوقع ہیں۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ ہونے والا ممکنہ معاہدہ سابق امریکی صدر کے دور میں ہونے والے جوہری معاہدے سے بہتر ہوگا اور اس پر دنیا فخر کرے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بدھ تک معاہدہ نہ ہو سکا تو جنگ کے امکانات بڑھ جائیں گے۔
انہوں نے اس تاثر کو مسترد کیا کہ وہ کسی دباؤ کے تحت ایران کے ساتھ معاہدہ کر رہے ہیں اور کہا کہ اس حوالے سے سامنے آنے والی خبریں درست نہیں ہیں۔
امریکی صدر نے اپنے سیاسی مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کی کامیابیوں کو کم ظاہر کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض حلقے حقیقت کے برعکس تاثر دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکا اس صورتحال میں بڑی کامیابی حاصل کر رہا ہے اور حالات اس کے حق میں جا رہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق یہ بیانات ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب خطے میں کشیدگی عروج پر ہے اور ایران کے ساتھ ممکنہ معاہدہ عالمی سیاست اور معیشت پر گہرے اثرات مرتب کر سکتا ہے
