ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ایران اور امریکا کے درمیان کسی بھی مجوزہ ملاقات کی خبروں کی تردید کر دی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں انہوں نے بتایا کہ وہ ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کے ہمراہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔
ترجمان کے مطابق اس دورے کے دوران پاکستان کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں ہوں گی، جن میں پاکستان کی جانب سے جاری سفارتی ثالثی اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ گفتگو میں امریکا کی جانب سے مسلط جارحیت کے خاتمے اور خطے میں امن کی بحالی سے متعلق امور بھی زیرِ غور آئیں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اس دورے کے دوران ایران اور امریکا کے درمیان کسی قسم کی براہِ راست ملاقات طے نہیں ہے، تاہم ایرانی وفد اپنے مشاہدات اور مؤقف سے پاکستانی حکام کو آگاہ کرے گا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب خطے میں کشیدگی برقرار ہے اور پاکستان کی ثالثی کوششیں بین الاقوامی سطح پر توجہ حاصل کر رہی ہیں

یہ بھی پڑھیں
Add A Comment