اسلام آباد: یورپی سرمایہ کاری بینک نے پاکستان کے لیے 160 ملین یورو کی مالی معاونت کا اعلان کر دیا، جس کا بڑا حصہ سندھ میں سیلاب متاثرہ علاقوں کی بحالی اور کراچی میں پانی کے منصوبوں پر خرچ کیا جائے گا۔
اعلامیے کے مطابق 100 ملین یورو سندھ میں سیلاب سے متاثرہ 21 لاکھ گھروں کی تعمیرِ نو کے لیے مختص کیے گئے ہیں، جس کا مقصد متاثرہ خاندانوں کو محفوظ اور پائیدار رہائش فراہم کرنا ہے۔
مزید 60 ملین یورو کراچی میں صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں کے لیے رکھے گئے ہیں، جہاں دو جدید فلٹریشن پلانٹس تعمیر کیے جائیں گے۔ ان منصوبوں سے تقریباً 22 لاکھ افراد مستفید ہوں گے اور روزانہ 30 کروڑ لیٹر پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائے گا۔
یہ تمام منصوبے یورپی یونین کی گلوبل گیٹ وے حکمتِ عملی کا حصہ ہیں، جس کے تحت ترقی پذیر ممالک میں بنیادی ڈھانچے اور عوامی فلاح کے منصوبوں میں سرمایہ کاری بڑھائی جا رہی ہے۔
معاہدوں کا اعلان اسلام آباد میں یورپی یونین پاکستان بزنس فورم کے موقع پر کیا گیا، جہاں حکام نے پاکستان میں ترقیاتی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
یورپی سرمایہ کاری بینک کے حکام کا کہنا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے، پائیدار ترقی کے فروغ اور کمزور طبقات کو سہولتیں فراہم کرنا ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ گھروں کی تعمیر میں عوامی شمولیت اور ماحولیاتی معیار کو یقینی بنایا جائے گا۔
حکام کے مطابق پاکستان میں ای آئی بی کی دوبارہ سرمایہ کاری سے دونوں فریقین کے درمیان شراکت داری مزید مضبوط ہوگی اور مستقبل میں مزید ترقیاتی منصوبوں کی راہ ہموار ہوگی۔
