واشنگٹن / برلن: امریکا نے جرمنی سے اپنے تقریباً پانچ ہزار فوجیوں کے انخلا کا اعلان کر دیا ہے، جس کی باقاعدہ تصدیق پینٹاگون نے بھی کر دی ہے۔
پینٹاگون کے ترجمان کے مطابق امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ہدایات پر اس انخلا کے احکامات جاری کیے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ یورپ میں امریکی فوجی تعیناتی کے تفصیلی جائزے کے بعد کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق یہ انخلا مرحلہ وار کیا جائے گا اور آئندہ 6 سے 12 ماہ کے دوران مکمل ہوگا، جس کے تحت امریکی فوجی دستے بتدریج جرمنی سے واپس بلائے جائیں گے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق اس فیصلے کو حالیہ عالمی کشیدگی، خصوصاً ایران سے متعلق صورتحال اور یورپی اتحادیوں کے ساتھ پالیسی اختلافات کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں صدر ٹرمپ نے جرمن قیادت کو ایران جنگ سے متعلق بیانات پر تنقید کا نشانہ بھی بنایا تھا، جس کے بعد یہ اقدام مزید اہمیت اختیار کر گیا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق جرمنی سے امریکی افواج کا انخلا نہ صرف یورپ میں سیکیورٹی توازن پر اثر انداز ہو سکتا ہے بلکہ یہ نیٹو اتحاد اور امریکا-یورپ تعلقات میں ممکنہ تبدیلیوں کی نشاندہی بھی کرتا ہے۔
