واشنگٹن: ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک غیر معمولی اور متنازع بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کی بحریہ ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی کے دوران “بحری قزاقوں” کی طرح کام کر رہی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب حالیہ دنوں میں امریکی فورسز نے ایران سے منسلک ایک بحری جہاز کو قبضے میں لیا۔ صدر ٹرمپ نے اس کارروائی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا،
ہم نے جہاز سنبھال لیا، ہم نے کارگو سنبھال لیا، ہم نے تیل سنبھال لیا۔ یہ بہت منافع بخش کاروبار ہے۔ ہم بحری قزاقوں کی طرح ہیں، ہم کھیل نہیں کھیل رہے۔
رپورٹس کے مطابق امریکا کی جانب سے ایرانی بندرگاہوں سے نکلنے والے بعض جہازوں کو سمندر میں روک کر قبضے میں لیا گیا، جن میں کنٹینر بردار جہاز اور آئل ٹینکرز بھی شامل ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ٹرمپ کا یہ بیان غیر معمولی نوعیت کا ہے، جو نہ صرف امریکی پالیسی پر سوالات اٹھا رہا ہے بلکہ بین الاقوامی قوانین اور سمندری حدود کے حوالے سے بھی نئی بحث کو جنم دے سکتا ہے۔
دوسری جانب اس پیش رفت سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، جبکہ ایران پہلے ہی امریکی ناکہ بندی کو غیر قانونی قرار دے چکا ہے
