کراچی میں 30 اکتوبر سے دوسرا ورلڈ کلچر فیسٹیول 2025 شروع ہو رہا ہے، جس میں پہلی بار سعودی فنکار شرکت کریں گے جبکہ فلسطینی فریڈم تھیٹر بھی شاندار واپسی کر رہا ہے۔
صدر آرٹس کونسل آف پاکستان محمد احمد شاہ نے دارنیوز سے گفتگو میں بتایا کہ فیسٹیول کی اختتامی تقریب سات دسمبر کو ہو گی، جس میں پاکستان کے معروف گلوکار راحت فتح علی خان خصوصی پرفارمنس دیں گے۔
اس سال کے فیسٹیول میں 100 سے زائد ممالک کے فنکار شریک ہوں گے، جن میں 31 افریقی، 30 ایشیائی اور 26 یورپی ممالک شامل ہیں۔ آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، کینیڈا، امریکہ، برازیل، ارجنٹینا، میکسیکو اور کولمبو کے فنکار بھی اپنی پرفارمنس پیش کریں گے۔ پچھلے سال 38 روزہ فیسٹیول میں 44 ممالک نے شرکت کی تھی، لیکن اس سال پروگرام کو مزید وسیع کیا گیا ہے۔
محمد احمد شاہ نے بتایا کہ سعودی فنکار پہلی بار کلچرل سٹیج پر اپنی روایتی موسیقی، ثقافتی رنگ اور فنِ مصوری کے ذریعے اپنے ملک کی نمائندگی کریں گے۔ فلسطینی فریڈم تھیٹر کے نئے فنکار بھی پاکستان میں اپنی پرفارمنس پیش کریں گے، جو فلسطینی جدوجہد اور موجودہ صورتحال کو تھیٹر کے ذریعے اجاگر کریں گے۔
تاہم موجودہ سفارتی کشیدگی کی وجہ سے انڈیا کے فنکار اس سال فیسٹیول میں شریک نہیں ہو سکیں۔ انڈیا کے بڑے فلم ڈائریکٹرز اور تھیٹر گروپس فیسٹیول میں شرکت کے لیے تیار تھے، لیکن سیاسی حالات کی وجہ سے یہ ممکن نہ ہو سکا۔
فیسٹیول میں میوزک، تھیٹر، رقص اور فلم کے ساتھ ساتھ 20 ممالک کے مصور بھی اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ محمد احمد شاہ نے کہا کہ یہ فیسٹیول پاکستانی عوام کو مختلف ثقافتوں کو قریب سے دیکھنے، سمجھنے اور سیکھنے کا موقع فراہم کرے گا، جب کہ پاکستانی فنکار عالمی سطح پر اپنی صلاحیتیں دکھانے کا پلیٹ فارم حاصل کریں گے۔
ورلڈ کلچر فیسٹیول 2025 کراچی میں ثقافت، فن اور عالمی ہم آہنگی کا جشن ثابت ہوگا، جو نہ صرف مقامی بلکہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی ثقافتی شناخت کو اجاگر کرے گا۔
