دبئی نے شہری فضائی نقل و حمل کے شعبے میں ایک تاریخی پیش رفت کرتے ہوئے اپنی پہلی ائیر ٹیکسی کی آزمائشی پرواز کامیابی سے مکمل کر لی ہے۔ یہ پرواز دبئی اور العین کے درمیان واقع صحرائی علاقے مرغم سے شروع ہو کر دبئی کے المکتوم ائیرپورٹ تک انجام دی گئی۔ اماراتی حکام نے اعلان کیا ہے کہ 2026 تک ائیر ٹیکسی سروس عوام کے لیے مکمل طور پر دستیاب ہو جائے گی، جس سے شہری نقل و حمل میں انقلاب متوقع ہے۔
دبئی حکومت کے مطابق یہ جدید الیکٹرک ائیر ٹیکسی 320 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے پرواز کرے گی اور اس میں چار مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی۔ یہ جدید ماڈل نہ صرف ماحول دوست ہے بلکہ شہری علاقوں میں شور کی آلودگی کو بھی کم کرے گا۔ ائیر ٹیکسی میں جدید نیویگیشن سسٹمز، حفاظتی فیچرز اور خودکار پرواز کے اختیارات شامل ہیں، جو مسافروں کو آرام دہ اور محفوظ سفر کی ضمانت فراہم کریں گے۔
شہری علاقوں میں مزید تجرباتی پروازوں کا منصوبہ بھی بنایا گیا ہے تاکہ ائیر ٹیکسی سروس کی استعداد، حفاظت اور عملی افادیت کا جائزہ لیا جا سکے۔ اس سلسلے میں اسکائی پورٹس کمپنی دبئی انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے قریب پہلا ائیر ٹیکسی اسٹیشن قائم کر رہی ہے، جو مستقبل میں دبئی کی شہری فضائی نقل و حمل کا مرکزی ہب بنے گا۔
حکام نے کہا ہے کہ ائیر ٹیکسی شہری زندگی میں وقت کی بچت، جدید سفری سہولیات اور ماحول دوست ٹیکنالوجی فراہم کرے گی، جس سے دبئی کی ٹرانسپورٹیشن انڈسٹری میں ایک نیا دور شروع ہونے کی توقع ہے۔ اس اقدام سے دبئی کو دنیا کے ان شہروں میں شامل ہونے کی توقع ہے جو شہری فضائی نقل و حمل میں عالمی معیار قائم کر رہے ہیں۔
