دبئی نے دنیا کی سب سے بڑی اور جدید آٹو مارکیٹ کے قیام کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے، جس کا مقصد 2033 تک دبئی کی معیشت کو دگنا کرنا ہے۔ منصوبے کا افتتاح متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم شیخ مکتوم بن محمد بن راشد المکتوم نے کیا۔ موجودہ وقت میں دبئی کی آٹو ٹریڈنگ کی مالیت 6.8 بلین درہم (تقریباً 51.4 ارب پاکستانی روپے) تک پہنچ چکی ہے، جسے نئے منصوبے کے ذریعے دگنا کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔
اس جدید آٹو مارکیٹ کا رقبہ 2 کروڑ 20 لاکھ اسکوائر فٹ پر محیط ہوگا، جو سالانہ 8 لاکھ سے زائد گاڑیوں کی لین دین کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اس میں 1،500 سے زائد شورومز، مخصوص ورکشاپ زونز، گودام، ملٹی اسٹوری پارکنگ، آکشن ہاؤس، کنونشن سینٹر، ہوٹل، ریٹیل اور فوڈ اینڈ بیوریج آؤٹ لیٹس شامل ہوں گے، جو اسے دنیا کی سب سے جامع آٹو مارکیٹ بنائیں گے۔
یہ منصوبہ دبئی کی تجارتی بندرگاہ جبل علی کے زیر انتظام ہوگا، جس کا انتخاب گاڑیوں کی تجارت اور ری ایکسپورٹ کے عالمی نیٹ ورک کے سبب کیا گیا۔ مارکیٹ میں الیکٹرک، ہائبرڈ اور روایتی گاڑیوں کی عالمی تجارت کو ایک جگہ سمیٹنے کی سہولت ہوگی اور یہ افریقہ، مشرق وسطیٰ اور جنوب مشرقی ایشیا کے تیزی سے بڑھتے ہوئے بازاروں سے براہِ راست جڑے گی۔ دبئی آٹو مارکیٹ نہ صرف عالمی آٹو انڈسٹری میں نیا معیار قائم کرے گی بلکہ خطے کی تجارتی اور اقتصادی ترقی میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گی۔
