اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے سلطنت عمان کے قومی دن کے موقع پر سلطان ہیثم بن طارق کو اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان اور عمان کے تعلقات دیرینہ دوستی، بھائی چارے اور باہمی اعتماد پر قائم ہیں۔
صدر مملکت نے عمان کی ترقی کو سلطان کی دانشمندانہ قیادت کا مسلسل ثبوت قرار دیا اور کہا کہ ملک میں پاکستانی کمیونٹی نہ صرف فعال ہے بلکہ عمان کی معیشت میں ایک اہم ستون کے طور پر کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے عمان کی حکومت کی جانب سے پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے اقدامات پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔
آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ پاکستان اور عمان کے تعلقات ہر گزرتے سال کے ساتھ مضبوط ہو رہے ہیں اور انہیں یقین ہے کہ مستقبل میں دونوں ممالک کے تعلقات مزید گہرے اور مستحکم ہوں گے۔
صدر نے کہا کہ دونوں ممالک کا باہمی تعاون خطے میں امن و استحکام کے لیے کلیدی کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے عوام اور قیادت کے درمیان اعتماد، بھائی چارے اور دوستانہ تعلقات کو بڑھانے پر زور دیا۔
صدر زرداری کے مطابق، پاکستان عمان کے ساتھ تعلقات کو ہر سطح پر فروغ دینے اور اقتصادی، سماجی اور ثقافتی شعبوں میں مشترکہ تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔
