اسلام آبادمیں پاکستانی عسکری قیادت اوربحرین کے اعلیٰ وفدکےدرمیان ایک نہایت اہم ملاقات اس وقت توجہ کا مرکزبنی جب بحرین کے نیشنل گارڈ کے کمانڈر نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے خصوصی ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس ملاقات میں خطے کی بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال، باہمی دفاعی تعاون اور دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو نئی مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ دونوں رہنماؤں نے نہ صرف عسکری تعلقات میں مزید وسعت پر اتفاق کیا بلکہ مشترکہ تربیت، انسدادِ دہشت گردی تعاون اور دفاعی ٹیکنالوجی کے تبادلے جیسے اہم شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔
بحرینی کمانڈر نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، جنگی مہارت اور خطے میں امن کے فروغ کے لیے پاکستان کی قائدانہ کاوشوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس موقع پر پاکستان اور بحرین کے برادرانہ، تاریخی اور اعتماد پر مبنی تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرتا رہے گا اور بحرین کے ساتھ ہر شعبے میں تعاون مزید مضبوط کرے گا۔ اس اعلیٰ سطحی ملاقات نے پاکستان–بحرین دفاعی تعلقات میں ایک نئے اور مضبوط باب کا آغاز کر دیا ہے۔
