خلیجی تعاون کونسل کے 46ویں اجلاس کے دوران بحرین کے دارالحکومت منامہ میں سفارتی سرگرمیوں کا مرکز اس وقت بنا جب سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان اور اٹلی کی وزیراعظم جورجیا میلونی کی اہم اور بامقصد ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں سعودی عرب اور اٹلی کے درمیان اسٹریٹیجک تعاون کو نئے دور میں داخل کرنے، مشترکہ معاشی و دفاعی شراکت داری کو وسعت دینے اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے جدید راستے تلاش کرنے پر بھرپور تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اور بین الاقوامی سطح پر جاری سفارتی کوششوں کا بھی جائزہ لیا، تاکہ دوطرفہ روابط کو مضبوط بناتے ہوئے علاقائی استحکام کو مزید فروغ دیا جا سکے۔
اس ملاقات کی اہمیت اس وقت مزید بڑھ گئی جب سعودی کابینہ کے اہم ترین وزراء—وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان، وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان، وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان، قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر مساعد بن محمد العیبان اور وزیر سرمایہ کاری انجینئر خالد الفالح—بھی شریک تھے، جو سعودی۔اطالوی تعلقات کی بڑھتی اہمیت کا واضح اظہار ہے۔
یاد رہے کہ شہزادہ محمد بن سلمان نہ صرف جی سی سی کی سپریم کونسل کے 46ویں اجلاس میں سعودی وفد کی قیادت کر رہے ہیں بلکہ وہ سعودی۔بحرین رابطہ کونسل کے چوتھے اجلاس کی مشترکہ صدارت بھی کریں گے۔ ان کی یہ سرگرم سفارتی مصروفیات نہ صرف خطے کے سیاسی منظرنامے میں نئی حرارت لا رہی ہیں بلکہ عالمی سطح پر سعودی کردار کو مزید مستحکم کر رہی ہیں۔
