سعودی عرب نے فلسطینی عوام کے لیے جاری انسانی امدادی کوششوں کے ایک حصے کے طور پر جمعرات کو نیا امدادی قافلہ رفح بارڈر کراسنگ کے ذریعے غزہ بھیجا ہے، جس میں بڑی تعداد میں فوڈ باسکٹس، خیمے اور شیلٹر بیگز شامل ہیں۔
یہ قافلہ غزہ میں فلسطینی عوام کے سرد موسم میں بچوں اور خواتین کے لیے خطرناک انسانی صورتحال کے پیش نظر ریلیف فراہم کرنے کے لیے بھیجا گیا ہے۔
امدادی سامان کا انتظام شاہ سلمان مرکز نے سعودی وزارت دفاع اور مصر میں سعودی سفارتخانے کے تعاون سے کیا ہے، اور اب تک سعودی عرب کا 75 واں امدادی طیارہ بھی العریش پہنچ چکا ہے۔
سعودی امدادی ایجنسی نے فضائی اور بحری راستوں کے ذریعے 7 ہزار ٹن سے زائد امدادی سامان پہنچایا ہے اور فلسطینی ہلال احمر سوسائٹی کو 20 ایمبولینسیں فراہم کی ہیں۔
اس کے علاوہ، غزہ میں امدادی منصوبوں پر عملدرآمد کے لیے بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ 90.35 ملین ڈالر کے معاہدے کیے گئے ہیں۔
سرحدی راہداریوں کی بندش کے باعث امداد کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اردن کے تعاون سے ایئر ڈراپ آپریشنز بھی کیے جا رہے ہیں، جو سعودی عرب کی مسلسل انسانی ہمدردی اور بین الاقوامی تعاون کے عزم کو ظاہر کرتے ہیں
