اقوام متحدہ کی نمائندہ خصوصی فرانسسکا البانیز نے غزہ کی موجودہ صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ پر بمباری کے لیے اسلحہ فراہم کرنے والے ممالک امریکا، جرمنی، برطانیہ اور اٹلی اب ذمہ داری لیتے ہوئے غزہ کی فوری تعمیر نو کے لیے مالی وسائل فراہم کریں۔ البانیز نے عرب میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ غزہ میں فلسطینیوں کے بنیادی انسانی حقوق شدید طور پر متاثر ہوئے ہیں اور بین الاقوامی برادری کو اس بحران کے حل کے لیے فوری اقدام کرنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکا کی جانب سے ان پر عائد پابندیوں کی وجہ سے ان کی پیشہ ورانہ زندگی متاثر ہوئی ہے اور وہ اب امریکا کا سفر نہیں کرسکتیں، جس کے باعث انہیں ایسے سلوک کا سامنا ہے جیسے وہ کسی مجرم کی طرح ہوں۔ فرانسسکا البانیز نے اسرائیل کے فلسطینیوں کے ساتھ رویے کو نوآبادیاتی دور کے برطانوی طریقہ کار کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا کہ حراست، تشدد اور شہریوں کے بنیادی حقوق کی پامالی روزمرہ کی بات بن گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری، خصوصاً وہ ممالک جو اسرائیل کو اسلحہ فراہم کر رہے ہیں، اپنے اخلاقی اور قانونی فرض کے تحت غزہ کی دوبارہ تعمیر اور انسانی ضروریات کی فراہمی میں کردار ادا کریں تاکہ فلسطینی عوام کی زندگیوں میں بہتری لائی جا سکے
