امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ایران کے خلاف مزید فوجی کارروائی نہ کرنے کے خواہاں ہیں، تاہم انہوں نے واضح الفاظ میں خبردار کیا ہے کہ اگر تہران نے اپنا جوہری پروگرام دوبارہ شروع کیا تو امریکا خاموش تماشائی نہیں بنے گا۔ صدر ٹرمپ یہ بات بدھ کے روز سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر امریکی نشریاتی ادارے CNBC کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہی۔
صدر ٹرمپ نے گزشتہ سال جون میں ایران کی جوہری تنصیبات پر ہونے والے امریکی حملوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر ایران نے دوبارہ ایسی سرگرمیوں کی کوشش کی تو امریکا ایک بار پھر سخت کارروائی کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا جنگ نہیں چاہتا، لیکن قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ بھی ممکن نہیں۔
دوسری جانب ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکی مؤقف کے جواب میں سخت ترین لہجے میں خبردار کیا ہے کہ اگر ایران پر دوبارہ کسی بھی قسم کا حملہ کیا گیا تو ملک اپنی پوری عسکری قوت کے ساتھ جواب دے گا۔ امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل میں شائع ہونے والے ایک مضمون میں عراقچی نے کہا کہ ایران میں حالیہ بدامنی کی پرتشدد لہر 72 گھنٹوں سے بھی کم وقت میں ختم ہو گئی تھی، اور اس تشدد کے ذمہ دار مسلح مظاہرین تھے۔
عباس عراقچی نے گزشتہ جون میں ایران پر اسرائیل کے 12 روزہ حملوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ایران نے تحمل اور ضبط کا مظاہرہ کیا، تاہم اب صورتحال مختلف ہے۔ ان کے مطابق ایرانی مسلح افواج کسی بھی نئے حملے کی صورت میں فوری اور بھرپور جوابی کارروائی سے ذرہ برابر بھی گریز نہیں کریں گی۔
ایرانی وزیر خارجہ نے مزید خبردار کیا کہ کسی بھی ہمہ گیر تصادم کی شدت اور مدت اسرائیل اور اس کے اتحادیوں کے تخمینوں سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی جنگ پورے مشرقِ وسطیٰ کو اپنی لپیٹ میں لے لے گی، جس کے اثرات صرف خطے تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ دنیا بھر کے عام شہری اس کے نتائج بھگتنے پر مجبور ہوں گے۔
یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب ایک امریکی طیارہ بردار بحری بیڑا ایشیا سے مشرقِ وسطیٰ کی جانب پیش قدمی کر رہا ہے۔ اس کے علاوہ وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کی گرفتاری کے بعد کیریبیئن میں فوجی تعیناتی کے تناظر میں امریکی لڑاکا طیارے اور دیگر فوجی سازوسامان بھی مشرقِ وسطیٰ منتقل کیا جا رہا ہے، جس سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔
اگرچہ صدر ٹرمپ نے حالیہ ہفتوں میں ایران کے خلاف فوجی آپشن کا متعدد بار ذکر کیا ہے، تاہم اب ان کے لہجے میں جزوی نرمی دیکھی جا رہی ہے۔ امریکی صدر کے مطابق اس کی ایک وجہ ایرانی حکام کی جانب سے مظاہرین کے خلاف سزائے موت پر عمل درآمد روکنے سے متعلق سامنے آنے والی اطلاعات ہیں، جسے واشنگٹن نے ایک مثبت اشارہ قرار دیا ہے۔
ماہرین کے مطابق امریکا اور ایران کے حالیہ بیانات ایک طرف کشیدگی کی عکاسی کرتے ہیں تو دوسری جانب سفارتی گنجائش کے دروازے مکمل طور پر بند ہونے کی بھی نفی کرتے ہیں، تاہم آنے والے دن خطے کے لیے نہایت اہم اور فیصلہ کن ثابت ہو سکتے ہیں۔
