تہران:ایران کی پاسدارانِ انقلاب کور (IRGC) کے سربراہ جنرل محمد پاکپور نے امریکہ اور اسرائیل کو سخت الفاظ میں خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران میں حالیہ مظاہروں کو کمزوری نہ سمجھا جائے، کیونکہ ایرانی افواج مکمل طور پر تیار ہیں اور ان کی انگلیاں ٹریگرز پر ہیں۔
اس حوالےسےگزشتہ روز جاری اپنے انتباہی بیان میں جنرل پاکپور نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کسی بھی قسم کے غلط اندازے سے باز رہیں، کیونکہ بارہ روزہ جنگ کے بعد اگر کوئی نیا تصادم ہوا تو اس کے نتائج پہلے سے کہیں زیادہ دردناک اور افسوسناک ہوں گے۔
یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بارہا یہ کہہ چکے ہیں کہ ایران کے خلاف فوجی کارروائی کا آپشن اب بھی کھلا ہوا ہے۔ صدر ٹرمپ کے یہ بیانات جون 2025 میں ہونے والی بارہ روزہ جنگ کے بعد مسلسل سامنے آتے رہے ہیں، جن کا اعادہ حال ہی میں ڈیواس میں بھی کیا گیا۔
اس سے قبل 28 دسمبر سے ایران میں شروع ہونے والے مظاہروں کے دوران بھی صدر ٹرمپ کئی مرتبہ ایران کے خلاف فوجی کارروائی کی دھمکیاں دے چکے ہیں، جس پر اب ایرانی عسکری قیادت کی جانب سے براہِ راست اور سخت ردِعمل سامنے آیا ہے۔
جنرل محمد پاکپور نے کہا کہ پاسدارانِ انقلاب نہ صرف مکمل جنگی تیاری کی حالت میں ہے بلکہ ایران پہلے سے کہیں زیادہ موثر اور فیصلہ کن جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام فورسز اپنے سپریم لیڈر کے حکم کی منتظر ہیں۔
پاسدارانِ انقلاب کے سربراہ کا یہ بیان ایران کے قومی دن کے موقع پر جمعرات کے روز ایران کے سرکاری ٹیلی وژن پر نشر کیا گیا، جسے ایک واضح عسکری پیغام کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
دوسری جانب حالیہ ہنگاموں اور مظاہروں کے دوران بھی پاسدارانِ انقلاب کا کردار کلیدی رہا۔ ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق ان مظاہروں کے دوران 3,117 افراد ہلاک ہوئے، جبکہ سیکیورٹی اداروں نے صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے سخت اقدامات کیے۔
واضح رہے کہ پاسدارانِ انقلاب پر امریکہ، کینیڈا، آسٹریلیا، برطانیہ اور یورپی یونین کے کئی رکن ممالک کی جانب سے پہلے ہی سخت پابندیاں عائد ہیں، تاہم اس کے باوجود ایرانی عسکری قیادت کا مؤقف ہے کہ یہ دباؤ ایران کے دفاعی عزم کو کمزور نہیں کر سکتا۔
