چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ابو ظبی میں متحدہ عرب امارات کے نائب حکمران اور مشیر قومی سلامتی شیخ طحنون بن زاید النہیان سے اہم ملاقات کے دوران اس عزم کا دوٹوک اعادہ کیا کہ متحدہ عرب امارات کی سلامتی اور استحکام دراصل پاکستان کی اپنی سلامتی اور علاقائی امن کے وژن کا لازمی جزو ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ ملاقات نہایت خوشگوار اور باہمی اعتماد کی فضا میں ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات، دفاعی و سیکیورٹی تعاون، انسداد دہشت گردی، انٹیلی جنس شیئرنگ، علاقائی اور عالمی پیش رفت، معاشی اشتراک اور سرمایہ کاری کے فروغ سمیت اہم امور پر تفصیلی اور نتیجہ خیز تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس امر پر اتفاق کیا کہ بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال کے تناظر میں پاکستان اور یو اے ای کے درمیان قریبی ہم آہنگی، مستقل رابطے اور مشترکہ حکمت عملی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اماراتی قیادت کی جانب سے پاکستان کی سیاسی، سفارتی اور معاشی سطح پر مسلسل حمایت کو سراہتے ہوئے اسے دونوں برادر ممالک کے درمیان گہرے تاریخی، مذہبی اور ثقافتی روابط کا مظہر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں معاشی و سماجی ترقی، بنیادی ڈھانچے کی بہتری، توانائی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں اماراتی کردار قابلِ تحسین ہے اور یہ تعاون دونوں ممالک کی مشترکہ خوشحالی کے وژن کو تقویت دیتا ہے۔
ملاقات میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاک۔امارات اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید وسعت دی جائے گی اور باہمی مفادات کے تحفظ کے لیے مشترکہ اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور یو اے ای نہ صرف قریبی دوست اور برادر ممالک ہیں بلکہ خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے اہم شراکت دار بھی ہیں، اور ان کے درمیان تعاون آنے والے وقت میں مزید مضبوط، مؤثر اور ہمہ جہت ہوگا۔
