ایران نے سعودی عرب کی جانب سے یہ اعلان کرنے پر ریاض کا شکریہ ادا کیا ہے کہ اس کی سرزمین، فضائی حدود اور سمندری حدود کو ایران کے خلاف کسی بھی فوجی کارروائی کے لیے استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا۔
سعودی عرب میں تعینات ایران کے سفیر علیرضا عنایتی نے خبر رساں ادارے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تہران سعودی حکومت کے اس واضح مؤقف کو سراہتا ہے اور اسے خطے میں استحکام کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیتا ہے۔
ایرانی سفیر کے مطابق سعودی حکام کی جانب سے بارہا یہ یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ مملکت کی فضائی، سمندری یا زمینی حدود کو اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایران اس مؤقف کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اس پر سعودی عرب کا شکر گزار ہے۔
رپورٹس کے مطابق موجودہ کشیدگی اور جنگی صورتحال سے قبل بھی سعودی عرب نے تہران اور واشنگٹن کے درمیان بڑھتی ہوئی تناؤ کو کم کرنے کے لیے سفارتی کوششوں کی حمایت کی تھی۔ سعودی حکومت نے اس موقع پر واضح کیا تھا کہ ایران کے خلاف کسی بھی ممکنہ حملے کے لیے اس کی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
مبصرین کے مطابق سعودی عرب کا یہ مؤقف خطے میں مزید کشیدگی کو روکنے اور سفارتی توازن برقرار رکھنے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
