دبئی میں ایرانی شہریوں کے داخلے اور ٹرانزٹ پر فوری طور پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، جس کے بعد سفری ضوابط میں اچانک سختی دیکھنے میں آئی ہے۔
فلائی دبئی کی جانب سے جاری کردہ ایک اہم ہدایت کے مطابق اب کسی بھی ایرانی شہری کو دبئی میں داخلے یا ٹرانزٹ کی اجازت نہیں ہوگی۔ یہ پابندی تمام ایرانی پاسپورٹ رکھنے والوں، متحدہ عرب امارات کے رہائشی ویزا ہولڈرز اور وزٹ یا سیاحتی ویزا رکھنے والے افراد پر یکساں طور پر لاگو ہوگی۔
اعلامیے کے مطابق وہ ایرانی شہری جو اس وقت بیرونِ ملک موجود ہیں، چاہے وہ امارات کے رہائشی ہی کیوں نہ ہوں، انہیں بھی فی الحال ملک میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس فیصلے پر عملدرآمد جدید نظام کے ذریعے یقینی بنایا جائے گا۔
تاہم اس پابندی میں محدود استثنا بھی رکھا گیا ہے، جس کے تحت اماراتی شہریوں کے قریبی رشتہ دار — جن میں والدین، شریک حیات، بچے اور بہن بھائی شامل ہیں — مخصوص اجازت حاصل کرنے کے بعد سفر کر سکتے ہیں۔
ایئرلائن نے اپنے تمام شراکت داروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ ان پابندیوں پر سختی سے عمل کریں اور ایسے مسافروں کی بکنگ یا سفر کی اجازت نہ دیں جو ان شرائط پر پورا نہیں اترتے۔
ماہرین کے مطابق یہ فیصلہ موجودہ علاقائی صورتحال اور سکیورٹی خدشات کے تناظر میں کیا گیا ہے، جس کے باعث سفری پابندیوں میں اچانک اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں
Add A Comment