ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے سخت لہجے میں جاری بیان میں کہا ہے کہ قتل و جرائم کی کارروائیاں ایران کی مسلح افواج کو کمزور نہیں کر سکتیں، بلکہ ملک دشمن قوتوں کے خلاف مزاحمت مزید مضبوط ہوگی۔
اپنے بیان میں انہوں نے امریکا اور اسرائیل پر الزام عائد کیا کہ وہ ایران کے شہری علاقوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، جن میں پل، بجلی گھروں اور اسکولوں پر حملے شامل ہیں، جو ان کے بقول “انسانیت کے خلاف سنگین جرائم” ہیں۔
خامنہ ای کا کہنا تھا کہ دشمن مسلسل دھمکیاں دے رہا ہے اور تباہی کی وارننگز جاری کر رہا ہے، تاہم ایران کو ان سے مرعوب نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکا اور اسرائیل کو ایران کے خلاف کارروائیوں میں بار بار ناکامی اور شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
انہوں نے حال ہی میں ہلاک ہونے والے پاسدارانِ انقلاب کے انٹیلی جنس سربراہ مجید خادمی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں “بہادر اور نڈر افسر” قرار دیا، جنہوں نے ملک کے دفاع میں اہم کردار ادا کیا۔
ایرانی سپریم لیڈر نے واضح کیا کہ ایران کی مسلح افواج دشمن کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھیں گی اور کسی بھی دباؤ یا دھمکی کے سامنے نہیں جھکیں گی۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اس بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایران اپنے مؤقف پر سختی سے قائم ہے، جس کے باعث خطے میں جاری کشیدگی مزید شدت اختیار کر سکتی ہے اور صورتحال کسی بڑے تصادم کی جانب بڑھ سکتی ہے
