ایران نے ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے دیے گئے الٹی میٹم کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ سویلین انفراسٹرکچر اور بجلی گھروں پر حملوں کا بھرپور اور اسی انداز میں جواب دیا جائے گا۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران مکمل دفاعی صلاحیت رکھتا ہے اور کسی بھی جارحیت کا ایسا جواب دیا جائے گا جو پورے خطے میں محسوس کیا جائے گا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ ایران کے خلاف کسی بھی کارروائی کے نتائج محدود نہیں رہیں گے بلکہ اس کے اثرات پورے مشرق وسطیٰ میں پھیل سکتے ہیں۔
دوسری جانب خاتم الانبیاء ہیڈکوارٹر کے ترجمان ابراہیم ذوالفقاری نے کہا کہ امریکی صدر نے جنگ کے آغاز کا اندازہ غلط لگایا اور اب اس کے پھیلاؤ کے حوالے سے بھی غلط فہمی کا شکار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران ہر قسم کی صورتحال کے لیے تیار ہے اور آبنائے ہرمز میں امریکا اور اسرائیل کو گزرنے نہیں دیا جائے گا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ایران کا یہ سخت مؤقف اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ خطے میں کشیدگی مزید شدت اختیار کر سکتی ہے، جبکہ آبنائے ہرمز جیسے اہم تجارتی راستے پر ممکنہ رکاوٹ عالمی معیشت کے لیے بھی بڑا خطرہ بن سکتی ہے۔
