ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے “کاغذی شیر” قرار دے دیا ہے، جس سے عالمی سطح پر نئی بحث چھڑ گئی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق اپنے تازہ بیان میں امریکی صدر نے کہا کہ جاپان اور جنوبی کوریا جیسے اتحادی ممالک نے بھی مشکل وقت میں امریکا کا ساتھ نہیں دیا، جو ان کے بقول ایک تشویشناک امر ہے۔
دوسری جانب ٹرمپ نے خلیجی ممالک کے ساتھ تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب، قطر، متحدہ عرب امارات، بحرین اور کویت کے ساتھ امریکا کے تعلقات “انتہائی شاندار” رہے ہیں۔
تاہم اسی دوران انہوں نے کویت پر تنقید کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ کویت نے امریکی طیاروں کو مار گرایا کیونکہ انہیں پیٹریاٹ میزائل سسٹم استعمال کرنا نہیں آتا تھا۔
اپنے بیان میں ٹرمپ نے شہباز شریف کا ذکر بھی کیا اور کہا کہ پاکستانی وزیر اعظم کے مطابق اگر وہ جنگ رکوانے میں کردار ادا نہ کرتے تو 3 سے 5 کروڑ لوگ مارے جا سکتے تھے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ٹرمپ کے یہ بیانات نہ صرف سفارتی حلقوں میں ہلچل پیدا کر سکتے ہیں بلکہ اتحادی ممالک کے ساتھ تعلقات پر بھی اثر انداز ہو سکتے ہیں، خصوصاً ایسے وقت میں جب عالمی سطح پر کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
