ایران میں بڑھتی ہوئی علاقائی کشیدگی کے دوران ایک غیرمعمولی پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک بھر سے ایک کروڑ بیس لاکھ افراد نے امریکا اور اسرائیل کے خلاف لڑنے کے لیے خود کو رجسٹرڈ کرا لیا ہے۔
ایرانی وزیر داخلہ کے مطابق تقریباً دس روز قبل عوام سے اپیل کی گئی تھی کہ وہ ملکی خودمختاری کے دفاع کے لیے فوج کا حصہ بنیں، جس پر حیران کن ردعمل دیکھنے میں آیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف دس دن کے اندر 12 ملین افراد نے رضاکارانہ طور پر اپنی رجسٹریشن مکمل کر لی، جبکہ یہ سلسلہ تاحال جاری ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ بڑی تعداد اس بات کا ثبوت ہے کہ ایرانی عوام اپنے ملک کے دفاع کے لیے متحد اور پُرعزم ہیں اور کسی بھی بیرونی خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔
ایرانی میڈیا نے اس حوالے سے ایک ویڈیو بھی جاری کی ہے جس میں سیستان سمیت مختلف علاقوں کے شہریوں کو جنگی تیاریوں اور رضاکارانہ شمولیت کے لیے سرگرم دکھایا گیا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اس بڑے پیمانے پر رجسٹریشن کا دعویٰ نہ صرف ایران کے داخلی عزم کو ظاہر کرتا ہے بلکہ خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں ایک مضبوط پیغام بھی سمجھا جا رہا ہے، جو ممکنہ طور پر عالمی سطح پر بھی اثرات مرتب کر سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں
Add A Comment