محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں جاری مذاکرات میں شرکت خیر سگالی کے جذبے کے تحت کی جا رہی ہے، تاہم امریکا پر مکمل اعتماد نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگر امریکا ایک حقیقی اور قابلِ عمل معاہدہ پیش کرے اور ایران کے بنیادی حقوق کو تسلیم کرے تو ایران معاہدے کیلئے تیار ہے۔
محمد باقر قالیباف نے مذاکرات سے قبل چند اہم نکات پر عملدرآمد کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ لبنان میں جنگ بندی کو یقینی بنایا جائے اور ایران کے منجمد اثاثے بحال کیے جائیں، کیونکہ یہ پہلے سے طے شدہ نکات ہیں جن پر ابھی تک پیش رفت نہیں ہو سکی۔
دوسری جانب عباس عراقچی نے بھی امریکا پر زور دیا کہ وہ اپنے وعدوں کی پاسداری کرے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا نے لبنان میں جنگ بندی کا وعدہ کیا تھا، جس پر عملدرآمد ہونا ضروری ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ایران کا یہ مؤقف اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات انتہائی حساس مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں، جہاں اعتماد کی کمی اور بنیادی اختلافات کسی بھی ممکنہ معاہدے کیلئے بڑی رکاوٹ بن سکتے ہیں۔
