تہران: مجتبیٰ خامنہ ای نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا ہے کہ ایرانی بحریہ مکمل طور پر تیار ہے اور دشمنوں کو “نئے اور تلخ نقصانات” پہنچانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران کی بحری قوت ہر قسم کی جارحیت کا جواب دینے کے لیے تیار ہے اور دشمنوں کو دوبارہ شکست سے دوچار کیا جائے گا۔
دوسری جانب سعید خطیب زادہ نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ امریکا کی جانب سے ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی کو “غیرقانونی اقدام” قرار دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران کا دفاع صرف اس کے اپنے لیے نہیں بلکہ پورے خطے کے استحکام کے لیے ہے،سعید خطیب زادہ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ نے ایک ہی وقت میں متضاد باتیں کی ہیں، کبھی جنگ بندی اور کبھی فوجی کارروائی کی بات کی جا رہی ہے، جس سے واضح کنفیوژن ظاہر ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ “ہمیں اپنے دفاع کو جاری رکھنا چاہیے اور یہ سلسلہ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک آخری ایرانی فوجی موجود ہے۔”
ایرانی ترجمان کے مطابق جنگ کا کوئی مثبت نتیجہ نہیں نکل سکتا اور امریکا کو اس حقیقت کو سمجھنا ہوگا۔خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں دونوں ممالک کے سخت بیانات نے صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے، جبکہ سفارتی حل کی کوششیں اب بھی غیر یقینی صورتحال کا شکار ہیں
