واشنگٹن/ابوظہبی: امریکی جریدے وال اسٹریٹ جرنل نے انکشاف کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے خطے میں ممکنہ جنگی صورتحال کے پیش نظر مالی بیک اپ کے حصول کیلئے امریکا سے رابطے تیز کر دیے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کے سینٹرل بینک کے گورنر خالد بلاما نے امریکی حکام سے اہم ملاقاتیں کی ہیں، جن میں کرنسی سواپ لائن کے ذریعے امریکی ڈالر تک رسائی کے امکانات پر غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اماراتی حکام کی اسکاٹ بیسنٹ سے واشنگٹن میں ملاقات بھی ہوئی، جس میں خطے میں بڑھتی کشیدگی اور اس کے ممکنہ معاشی اثرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر ایران کے ساتھ جاری کشیدگی جنگ میں تبدیل ہوتی ہے تو یو اے ای کو مالی استحکام برقرار رکھنے کیلئے اضافی ڈالر سپورٹ درکار ہو سکتی ہے۔
تاہم امریکی میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات اب تک اس بحران کے بڑے معاشی اثرات سے کافی حد تک محفوظ رہا ہے اور اس کی معیشت مضبوط بنیادوں پر قائم ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ کرنسی سواپ جیسے اقدامات کسی بھی ملک کو ہنگامی حالات میں ڈالر لیکویڈیٹی فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، جس سے مالیاتی نظام کو مستحکم رکھنے میں مدد ملتی ہے۔
