ایرانی سرکاری ذرائع نے بتایا ہے کہ ایران نے مذاکرات کے لیے امریکا کی جانب سے پیش کی گئی شرائط کو مسترد کر دیا ہے، جس کے بعد سفارتی عمل میں مزید پیچیدگی پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ایرانی ذرائع کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یک طرفہ طور پر جنگ بندی میں توسیع کا اعلان کیا، جس پر ایران نے اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاکستان کی قیادت کی درخواست پر ایران پر حملے روک دیے گئے ہیں۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ان سے درخواست کی تھی کہ ایرانی قیادت کی متفقہ تجاویز سامنے آنے تک کارروائی مؤخر رکھی جائے۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ جنگ بندی میں اس وقت تک توسیع کی جا رہی ہے جب تک بات چیت کا عمل مکمل نہیں ہو جاتا اور ایران کی جانب سے تجاویز پیش نہیں کی جاتیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکا مذاکرات کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے تیار ہے، تاہم اس کا انحصار ایران کے مؤقف اور آئندہ اقدامات پر ہوگا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ایران کی جانب سے امریکی شرائط کو مسترد کیے جانے کے بعد خطے میں کشیدگی برقرار رہنے کا امکان ہے، تاہم جنگ بندی میں توسیع سے وقتی طور پر تصادم کے خدشات میں کمی آ سکتی ہے
