امریکا میں متحدہ عرب امارات کے سفیر یوسف العتیبہ نے واضح کیا ہے کہ ان کا ملک بیرونی مالی مدد کا محتاج نہیں اور اس کی معیشت مکمل طور پر مستحکم ہے۔
کرنسی تبادلہ سہولت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے اماراتی سفیر نے کہا کہ امارات کے پاس ڈالر کی کوئی کمی نہیں اور مالی وسائل وافر مقدار میں موجود ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ملک کے پاس تقریباً دو کھرب ڈالر کے سرمایہ کاری فنڈز جبکہ تین سو ارب ڈالر کے زرِمبادلہ کے ذخائر موجود ہیں، جو اس کی معاشی طاقت کا واضح ثبوت ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ واشنگٹن میں امریکا اور متحدہ عرب امارات کے درمیان اعلیٰ سطح پر ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے حکام نے کرنسی تبادلہ سہولت کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔
سفیر کے مطابق اس ملاقات میں اماراتی حکام نے امریکی مرکزی بینک کے عہدیداروں کے ساتھ ممکنہ مالی تعاون اور کرنسی کے استحکام سے متعلق امور پر گفتگو کی، تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ امارات کو کسی ہنگامی مالی سہارا کی ضرورت نہیں۔
ماہرین کے مطابق اماراتی سفیر کا یہ بیان عالمی سطح پر معاشی اعتماد کا اظہار ہے، جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ خلیجی معیشتیں مالی طور پر مستحکم بنیادوں پر قائم ہیں اور عالمی مالیاتی نظام میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
