ایران کے خاتم الانبیاء مرکزی ہیڈکوارٹر کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ ایرانی مسلح افواج نے حالیہ دنوں میں متحدہ عرب امارات کے خلاف کسی قسم کی میزائل یا ڈرون کارروائی نہیں کی، اور اگر ایسا کوئی اقدام کیا جاتا تو اس کا باضابطہ اعلان کیا جاتا۔
ترجمان نے متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے اسے بے بنیاد اور حقیقت کے منافی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے الزامات خطے میں کشیدگی کو بڑھانے کا باعث بنتے ہیں۔
بیان میں اماراتی حکام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا کہ ایک اسلامی ملک ہونے کے ناطے متحدہ عرب امارات کو امریکی اور صہیونی افواج یا ان کے فوجی سازوسامان کا مرکز نہیں بننا چاہیے، کیونکہ یہ طرزِ عمل اسلامی دنیا کے ساتھ دھوکے کے مترادف ہوگا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ امریکا اور اسرائیل عالمِ اسلام کے دشمن ہیں اور خطے میں عدم استحکام کے ذمہ دار ہیں۔ ان کے مطابق پروپیگنڈا، جھوٹے الزامات اور مظلومیت کا تاثر پیدا کرنے سے مسائل حل نہیں ہو سکتے۔
بیان میں خبردار کیا گیا کہ اگر متحدہ عرب امارات کی سرزمین کو ایران کے جزائر، بندرگاہوں یا ساحلی علاقوں کے خلاف کسی بھی کارروائی کے لیے استعمال کیا گیا تو ایران اس کا سخت اور فیصلہ کن جواب دے گا، جس کے نتائج کی ذمہ داری امارات پر عائد ہوگی۔
