کینیڈا کی وفاقی پولیس رائل کینیڈین ماؤنٹڈ پولیس (RCMP) نے بھتہ خوری، قتل و غارت گری اور منظم جرائم میں ملوث بدنامِ زمانہ بشنوئی گینگ سے متعلق ایک چونکا دینے والی رپورٹ جاری کی ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ گینگ بھارتی حکومت کے کہنے پر بھی کارروائیاں کرتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بشنوئی گینگ کینیڈا میں تیزی سے اپنی موجودگی بڑھا رہا ہے اور ایک انتہائی پرتشدد مجرمانہ تنظیم کے طور پر سامنے آ چکا ہے۔ یہ گینگ بھتہ خوری، منشیات کی اسمگلنگ، منی لانڈرنگ اور کرائے پر قتل جیسے سنگین جرائم میں ملوث پایا گیا ہے۔
کینیڈین پولیس کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ بشنوئی گینگ نہ صرف منظم جرائم میں سرگرم ہے بلکہ اس کے بعض نیٹ ورکس کو بھارتی ریاستی مفادات سے جوڑا جا رہا ہے، جس پر کینیڈین سکیورٹی ادارے شدید تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔
ادھر کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا کے پریمیئر ڈیوڈ ایبے بھی گزشتہ سال جنوری میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کر چکے ہیں کہ بشنوئی گینگ کو باضابطہ طور پر دہشت گرد تنظیم قرار دیا جائے، کیونکہ یہ گروہ کینیڈا کی داخلی سلامتی، قانون کی بالادستی اور شہریوں کے تحفظ کے لیے ایک سنگین خطرہ بنتا جا رہا ہے۔
سکیورٹی ماہرین کے مطابق اس رپورٹ کے بعد کینیڈا اور بھارت کے تعلقات میں پہلے سے موجود تناؤ میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، جبکہ بشنوئی گینگ کے خلاف سخت قانونی اور سفارتی اقدامات متوقع ہیں
