پشاور:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے اپوزیشن پر سیاسی نابالغی کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ جمہوری عمل آگے بڑھ چکا ہے، اپوزیشن اب صرف شور مچا رہی ہے۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا نے کہا کہ اپوزیشن کا خیال تھا کہ وہ پی ٹی آئی کے اندر کوئی دراڑ ڈال سکتے ہیں، مگر وہ بری طرح ناکام ہوچکے ہیں، پارٹی پہلے سے زیادہ متحد ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سے حلف روکنے کا کوئی آئینی جواز نہیں ,آج نہیں تو کل ہو جائے گا، جمہوری تسلسل کو کوئی نہیں روک سکتا۔
اپوزیشن کی جانب سے سہیل آفریدی کی اہلیت پر اٹھائے گئے سوالات کو مسترد کرتے ہوئے انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا تجربہ بلاول بھٹو کا کیا تھا؟ سہیل آفریدی وزیر رہ چکے ہیں، ان کے اردگرد ایک تجربہ کار ٹیم ہے جو خیبر پختونخوا کے مستقبل کو بہتر بنائے گی۔
سلمان اکرم راجا نے واضح کیا کہ علی امین گنڈاپور اور علیمہ خان کے درمیان کسی قسم کے اختلافات کی بات محض افواہیں ہیں علی امین نے ایسا کوئی بیان نہیں دیا، اپوزیشن اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے جھوٹ پھیلا رہی ہے۔
افغانستان کی موجودہ صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افغانستان کا پاکستان پر حملہ افسوسناک ہے، دو برادر مسلمان ممالک کے درمیان جنگ کسی صورت نہیں ہونی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کا معاشی و جغرافیائی رشتہ ناقابلِ انکار ہے سرحد بند نہیں کی جا سکتی، امن صرف بات چیت سے آئے گا، گولہ باری سے نہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ حکومت کو ایسے حالات پیدا کرنے چاہییں کہ دونوں ممالک دہشت گردی سے محفوظ رہیں اور سرحد امن و تجارت کا راستہ بنے، تنازع کا نہیں
