پاکستان میں انٹرنیٹ صارفین کو آج دن بھر سست رفتار یا جزوی بندش کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، کیونکہ سمندر میں بچھائی گئی بین الاقوامی کیبل میں نصب اہم رپیٹر کی مرمت کا عمل 11 بجے سے شروع ہو چکا ہے۔
یہ مرمت بین الاقوامی کیبل کنسورشیم کے تحت ہو رہی ہے اور پاکستان میں اس عمل کی نگرانی پی ٹی سی ایل گروپ کر رہا ہے، جس نے اس تکنیکی سرگرمی کو انٹرنیٹ سروس کے استحکام اور تسلسل کے لیے ناگزیر قرار دیا ہے۔
پی ٹی سی ایل کے ترجمان کے مطابق، یہ مرمتی عمل تقریباً 18 گھنٹے جاری رہے گا، جس کے دوران مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ کی رفتار متاثر ہو سکتی ہے، جبکہ بعض مقامات پر جزوی تعطل بھی ممکن ہے۔
ترجمان نے کہاہم صارفین سے اس عارضی تکلیف پر معذرت خواہ ہیں، لیکن یہ مرمت مستقبل میں انٹرنیٹ خدمات کو مزید بہتر بنانے کے لیے ضروری ہے۔
پی ٹی سی ایل گروپ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ جیسے ہی یہ مرمتی کام مکمل ہوگا، انٹرنیٹ سروس مکمل طور پر بحال کر دی جائے گی اور صارفین کو پہلے سے بہتر رفتار فراہم کی جائے گی۔
ملک بھر میں لاکھوں صارفین، جن میں کاروباری ادارے، تعلیمی ادارے، فری لانسرز اور گیمنگ کمیونٹی شامل ہیں، اس بندش کے اثرات سے متاثر ہو سکتے ہیں۔ ایسے میں صارفین کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور انٹرنیٹ سروس کی مکمل بحالی کا انتظار کریں۔
