اسلام آباد:ڈی جی آئی ایس پی آرلیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نےقائداعظم یونیورسٹی کاخصوصی دورہ کیا، جہاں انہوں نے طلبا اور اساتذہ کے ساتھ ایک تفصیلی نشست میں شرکت کی۔ اس موقع پر طلبا و اساتذہ نے ڈی جی آئی ایس پی آر کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور نشست میں بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔
نشست کے دوران جنرل احمد شریف نے ملکی دفاع، پاک فوج کے پیشہ وارانہ کردار، اور داخلی و خارجی صورتحال پر جامع روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ افواج پاکستان نے حالیہ چیلنجز اور خطے میں کشیدگی کے دوران نہ صرف دشمن کی فوج بلکہ اس کی جدید ٹیکنالوجی کو بھی مؤثر انداز میں شکست دی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے طلبا کو سوشل میڈیا پر پھیلنے والے پروپیگنڈا اور حقائق کے فرق کے بارے میں آگاہ کیا اور کہا کہ سچائی اور معلومات کی بنیاد پر فیصلے کرنا قومی شعور کی علامت ہے۔
وائس چانسلر قائداعظم یونیورسٹی نے اس موقع پر ڈی جی آئی ایس پی آر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بصیرت افروز خیالات طلبا کے لیے رہنمائی کا بہترین ذریعہ ہیں۔ نشست میں طلبا نے ملک کی یکجہتی اور قومی شناخت پر زور دیا، اور کہا کہ ہم پنجابی، پٹھان، سندھی یا بلوچی نہیں بلکہ سب سے پہلے پاکستانی ہیں۔ طلبا نے پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہونے اور قومی سلامتی کے لیے مکمل حمایت کا عزم ظاہر کیا۔
نشست میں ملک کے مختلف اضلاع اور تحصیلوں سے آئے طلبا نے ڈی جی آئی ایس پی آر سے مختلف سوالات کیے، جن کے مدلل اور تفصیلی جوابات نے طلبا کی معلومات اور اعتماد میں نمایاں اضافہ کیا۔ جنرل احمد شریف نے طلبا کو بتایا کہ نوجوان پاکستان کی سب سے بڑی طاقت ہیں اور انہیں ملکی دفاع، سائبر سیکورٹی اور خطے کی سیکیورٹی کے مسائل کے بارے میں آگاہ رہنا چاہیے۔
اس موقع پر طلبا و اساتذہ نے اس نشست کو نہ صرف تعلیمی بلکہ ملکی دفاع، قومی یکجہتی اور معلوماتی حوالے سے نہایت مفید قرار دیا۔ طلبا نے کہا کہ ایسی نشستیں ان کے قومی شعور کو فروغ دینے اور افواج پاکستان کی قربانیوں اور پیشہ وارانہ کردار کو سمجھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
